ڈاکٹر محمد افضل بابر کی خدماتِ تعلیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک اسلام آباد کی جانب سے تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ان کی زندگی بھر کی تعلیمی جد و جہد اور نجی اداروں کے استحکام کے لیے خدمات کو سراہنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔تقریب میں مختلف تعلیمی محکموں کے نمائندگان، اسکول ایسوسی ایشنز کے صدور و عہدیداران، تعلیمی فاؤنڈیشنز کے رہنما، دانشور، اساتذہ اور صحافی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک کے زونل صدور، مرکزی عاملہ کے ارکان اور عام اراکین نے بھی بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے بانی صدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقررین نے ڈاکٹر محمد افضل بابر کی تین دہائی سے زائد عرصے پر محیط خدمات، بصیرت افروز قیادت اور نجی تعلیمی اداروں کے اتحاد کے لیے ان کی بے لوث جد و جہد کی تفصیل بیان کی۔ خطاب کرنے والوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد افضل بابر نے اساتذہ اور طلبہ کے لیے ایسے پلیٹ فارمز فراہم کیے جنہوں نے تعلیم اور خدمت کے رشتے کو مضبوط کیا اور اداروں میں یکجہتی کو فروغ دیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول مقبول سے ہوا، جس کے بعد مختلف تعلیمی تنظیموں کے قائدین اور ماہرین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈاکٹر محمد افضل بابر کے وژن اور کردار کو سراہا۔ نو منتخب مرکزی صدر مقبول حسین دار نے صدارتی خطاب میں شرکاء اور تنظیمی ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈاکٹر محمد افضل بابر کے مشن کو اخلاص، اتحاد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھائیں گے تاکہ یہ نیٹ ورک تعلیم، کردار سازی اور انسانیت کی خدمت کا علمبردار بنی رہے۔تقریب کا اختتام دعائے مغفرت اور ڈاکٹر محمد افضل بابر کے مشن کے تسلسل کے عہد کے ساتھ ہوا، شرکاء نے جذباتی انداز میں اپنے عقیدت بھرے پیغامات پیش کیے اور ان کے عطاء کردہ روایتی خدمات کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
