بچوں کے محفوظ انٹرنیٹ استعمال کے لیے عالمی قوانین ناگزیر ہیں، شزہ فاطمہ

newsdesk
2 Min Read
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے بچوں کے محفوظ انٹرنیٹ استعمال کے لیے قوانین اور تربیت پر زور دیا۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ بچوں میں انٹرنیٹ کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان اب عالمی سطح کا مسئلہ بن چکا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر قوانین اور بہتر ماحول دونوں کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے ’سیف اسکرول نیشنل پالیسی ڈائیلاگ‘ پروگرام میں شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کا آئی ٹی سیکٹر سے تعلق مسلسل بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر بچے آئی ٹی کے شعبے میں بڑے بڑے کارنامے انجام دے رہے ہیں، اس لیے آج کے بچوں کو ٹیکنالوجی سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔

شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ بچوں کو جتنا آئی ٹی سے روکنے کی کوشش کی جائے گی، وہ اتنا ہی اس جانب مائل ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو انٹرنیٹ کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے عالمی سطح پر قوانین وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سائبر خطرات کا مقابلہ صرف قوانین سے نہیں بلکہ اپنے ماحول کو درست کر کے بھی کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت ملک میں سائبر مسائل کے حل کے لیے نہایت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی اے اور دیگر حکومتی ادارے سائبر آگاہی اور تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ شزہ فاطمہ نے اس بات پر زور دیا کہ انٹرنیٹ کے مثبت استعمال کے لیے بچوں کی تربیت ضروری ہے اور انہیں ذمہ داری کا احساس دلانا ہوگا۔

Share This Article