شزہ فاطمہ خواجہ فاسٹ موڈ ایوارڈز کی عالمی انڈسٹری چیمپئن قرار

newsdesk
3 Min Read
شزہ فاطمہ خواجہ کو فاسٹ موڈ ایوارڈز 2026 میں انڈسٹری چیمپئن آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے فاسٹ موڈ ایوارڈز 2026 میں عالمی سطح کا بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہیں ’’انڈسٹری چیمپئن آف دی ایئر 2026‘‘ کے اعزاز سے نوازا گیا، جو فاسٹ موڈ ایوارڈز کا سب سے بڑا انفرادی اعزاز سمجھا جاتا ہے۔

یہ اعزاز ہر سال دنیا بھر سے صرف ایک رہنما کو دیا جاتا ہے۔ فاسٹ موڈ ایوارڈز 2026 میں 60 سے زائد ممالک کی 500 سے زیادہ کمپنیوں کے درمیان مقابلہ تھا، جس میں پاکستانی وفاقی وزیر نے یہ عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔

شزہ فاطمہ خواجہ کی قیادت میں پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس برآمدات مالی سال 2025-26 میں ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی دوران پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر 3.9 ارب ڈالر کے تاریخی تجارتی سرپلس کے ساتھ تمام خدمات کے شعبوں میں سرفہرست رہا۔

پاکستان کے فری لانسرز کی برآمدی آمدنی بھی تاریخ کی بلند ترین سطح 1.76 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جبکہ ملک میں فری لانسرز کی تعداد 23 لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

مارچ 2026 میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی 5G اور NGMS اسپیکٹرم نیلامی مکمل ہوئی، جس کے بعد ملک میں کل اسپیکٹرم 750 میگا ہرٹز تک پہنچ گیا۔ پاکستان فائبر آپٹک نیٹ ورک کے فروغ کے لیے رائٹ آف وے چارجز ختم کرنے والا ایشیا کا پہلا ملک بھی بن گیا۔

اگست 2026 میں گوگل نے پاکستان میں باضابطہ رجسٹریشن کے ساتھ اپنے پہلے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ ملک میں سالانہ 6 لاکھ کروم بکس کی اسمبلی لائن بھی شروع کی گئی۔

ڈیجی اسکلز پروگرام کے تحت 45 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو مفت ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جن میں 8 لاکھ خواتین بھی شامل ہیں۔ جی ایس ایم اے کے مطابق پاکستان نے موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں صنفی خلیج 38 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد تک لانے میں دنیا کی تیز ترین پیش رفت کی۔

پاکستان نے آئی ٹی یو کے آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں 27 درجے بہتری حاصل کر کے ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ شزہ فاطمہ خواجہ کو ملنے والا یہ عالمی اعزاز پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

Share This Article