ڈھوک کھبہ میں گندگی کے ڈھیر، شہری حلقوں کا ستھرا پنجاب پر سوال

newsdesk
2 Min Read
ڈھوک کھبہ میں صفائی کی ابتر صورتحال پر PCRM نے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

راولپنڈی: پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ (PCRM) کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے یونین کونسل 43 ڈھوک کھبہ اندرونِ شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے کھلے پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے سے تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے، جبکہ مکھیوں اور مچھروں کی افزائش بھی شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔ ان کے مطابق متعدد شکایات کے باوجود صفائی کا مسئلہ حل نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

ظہیر احمد اعوان نے مطالبہ کیا کہ ستھرا پنجاب کے آپریشنل افسران کی تعلیمی قابلیت، ماحولیاتی علوم میں مہارت اور پیشہ ورانہ تجربے کا جائزہ لیا جائے، اور تقرریوں میں سیاسی سفارش کے بجائے میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

PCRM کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کھلے پلاٹوں سے فوری طور پر کوڑا اٹھایا جائے، خراب کوڑے دان تبدیل کیے جائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صفائی مشینری کی مرمت کرائی جائے، جبکہ غفلت کے مرتکب افسران کا احتساب بھی کیا جائے۔

ظہیر احمد اعوان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم میں حصہ لیں، کوڑا مقررہ کوڑے دانوں میں ڈالیں اور اپنے علاقوں میں گندگی کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے عمل میں شہری تعاون ناگزیر ہے، تاہم سرکاری اداروں کو اپنی بنیادی ذمہ داری سے پہلو تہی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Share This Article