راولپنڈی میں سولر سسٹم کی مرمت کے دوران برقی دھماکا، 2 افراد شدید زخمی

newsdesk
1 Min Read
گلستان کالونی راولپنڈی میں سولر سسٹم کی مرمت کے دوران مبینہ برقی دھماکے سے دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

راولپنڈی: گلستان کالونی میں سولر سسٹم کی مینٹیننس کے دوران مبینہ برقی دھماکے کے نتیجے میں دو افراد بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق واقعہ نیشنل پارک روڈ پر بٹ چوک کے قریب عبدالغفار اسٹریٹ میں واقع ایک گھر میں پیش آیا، جہاں سولر سسٹم کی مرمت کا کام جاری تھا کہ اچانک بجلی کا دھماکا ہوا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی تین ایمرجنسی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد دونوں کو تشویشناک حالت میں ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق 45 سالہ کفایت اللہ کے جسم کا تقریباً 65 فیصد حصہ جھلس گیا، جبکہ 30 سالہ مبین تقریباً 35 فیصد جھلسنے سے متاثر ہوئے۔ دونوں زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

ریسکیو 1122 نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سولر سسٹمز اور برقی آلات کی مینٹیننس کے دوران مکمل حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔

Share This Article