شہری کو اغوا کر کے رقم لینے کا الزام، کانسٹیبل دو ساتھیوں سمیت گرفتار

newsdesk
2 Min Read
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کے نوٹس پر کانسٹیبل محسن ضیاء اور دو پرائیویٹ ساتھی گرفتار

راولپنڈی: شہری کی شکایت پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل محسن ضیاء اور اس کے دو پرائیویٹ ساتھیوں کو انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر سی پی او آفس سے گرفتار کرا دیا۔ ملزمان کے خلاف اغواء اور بھتہ خوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہری نے شکایت کی تھی کہ پولیس اہلکار اور اس کے دو ساتھیوں نے مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر اسے اغواء کیا اور رقم لینے کے بعد چھوڑ دیا۔ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے انکوائری کی گئی، جس میں الزامات ثابت ہونے پر کانسٹیبل محسن ضیاء اور اس کے دونوں پرائیویٹ ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

مذکورہ پولیس اہلکار تھانہ چکلالہ میں تعینات تھا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ چکلالہ میں اغواء اور بھتہ خوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنے کردار اور فرائض کی انجام دہی میں محتاط ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی یا کسی شہری کے ساتھ ظلم و زیادتی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

سی پی او کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Share This Article