راولپنڈی: تھانہ بنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی سے خاتون شہری سے رقم لے کر فرار ہونے والی دو خواتین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار خواتین سے 9 لاکھ 90 ہزار روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
مدعیہ مقدمہ کے مطابق زیرحراست خواتین گھر میں داخل ہوئیں، دھوکہ دہی سے رقم حاصل کی اور موقع سے فرار ہو گئیں۔ واقعہ کا مقدمہ گزشتہ ماہ تھانہ بنی میں درج کیا گیا تھا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق تھانہ بنی پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع کی مدد سے دونوں خواتین کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ زیرحراست خواتین کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
