جامعہ پنجاب میں اساتذہ و ملازمین کا بڑا احتجاج، مطالبات کی منظوری تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان

newsdesk
3 Min Read
جامعہ پنجاب میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام اساتذہ اور ملازمین مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔

لاہور: جامعہ پنجاب میں بدھ 12 اگست 2026 کو اساتذہ اور ملازمین کی بڑی تعداد اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاج میں پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن اور پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت ہزاروں فیکلٹی ارکان اور ملازمین نے شرکت کی۔

احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سردار اصغر اقبال نے کہا کہ وائس چانسلر یونیورسٹی کے اندر ایک مخصوص گروپ کی سرپرستی کر رہے ہیں، جس کے باعث جامعہ کے مالی اور انتظامی معاملات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان خان نیازی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سینئر نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر مقیت جاوید، ڈاکٹر ابرار ظفر، پروفیسر ڈاکٹر کامران مرزا اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر چوہدری بشارت محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پرامن احتجاج کر رہے ہیں، تاہم انتظامیہ نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد وہ عملی احتجاجی اقدامات پر مجبور ہوئے ہیں۔

چوہدری بشارت محمود نے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر کے اندر روزانہ دو گھنٹے کالی پٹیاں باندھ کر احتجاجاً کام معطل رکھا جائے گا، جبکہ ہر بدھ کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے سنجیدگی نہ دکھائی تو وہ کیمپس پل بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کے باہر اور گوجرانوالہ و جہلم کیمپسز کے قریب جی ٹی روڈ پر بھی احتجاج کیا جائے گا۔

چوہدری بشارت محمود نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ اور ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور تمام واجب الادا واجبات ادا کیے جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈی جی ریحان صادق شیخ، جس کے لیے پہلے کوئی آسامی موجود نہیں تھی، ملازمین سے بدتمیزی کرتے ہیں اور یونیورسٹی کے انتظامی و مالی حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ مظاہرین نے حکومت پنجاب سے جامعہ کے مالی اور انتظامی امور کا فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

احتجاج سے طیب اعجاز خان سواتی، تنویر اعوان، حماد بٹ، اظہر اقبال بلوچ اور سابق ایسوسی ایشن صدر ناصر رحمت نے بھی خطاب کیا۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

Share This Article