غربت، انتہاپسندی اور ناانصافی عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، عامر صدیقی

newsdesk
4 Min Read
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما محمد عامر صدیقی نے عالمی یوم امن پر امن، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔

راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صدر ترقی پسند فلاحی تنظیم محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ غربت، انتہاپسندی اور عدم مساوات امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات ہیں۔ امن محض جنگ یا تنازعات نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور اقوام عالم کے درمیان باہمی احترام کی موجودگی سے عبارت ہے۔

عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے بیان میں محمد عامر صدیقی نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل، امریکہ اور بھارت کی جانب سے جارحیت اور مظالم کے خاتمے کے لیے فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کے لیے اسلام آباد امن معاہدے پر عملدرآمد ہی امن و استحکام کی ضمانت ہے، جبکہ معاہدے سے انحراف امن اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ اور بلا روک ٹوک جارحیت دنیا کے امن کے لیے مسلسل خطرہ ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے مستقل حل سے وابستہ ہے۔ ان کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے بھارتی محاصرے کو 2604 دن ہو چکے ہیں اور تنازعات کا منصفانہ حل ہی امن و استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے۔

عامر صدیقی نے کہا کہ بلاشبہ امن ترقی اور خوشحالی کی اساس ہے، جس کے بغیر جمہوریت کمزور پڑ جاتی ہے، انصاف ماند ہو جاتا ہے اور انسانی روح زخمی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم امن کے موقع پر بانیان پاکستان، اپنے اجداد اور پارٹی کی شہید قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا جانا چاہیے، جنہوں نے وقار اور انصاف پر مبنی ایک پرامن وطن کا خواب دیکھا اور اس کی تکمیل کے لیے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق عالمی سطح پر امن کی وکالت کی ہے۔ حقیقی امن خاموشی یا جبر سے قائم نہیں کیا جا سکتا، اس کے لیے سماجی انصاف، پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانا اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ ایک پرامن پاکستان نہ صرف عوام کی خواہش ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مقدس امانت بھی ہے۔

محمد عامر صدیقی نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی قابض افواج کے مظالم کا بوجھ انسانیت کے ضمیر پر ہمیشہ رہے گا۔ غزہ میں اسرائیلی افواج کے مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ یہ سانحات صرف علاقائی مسائل نہیں بلکہ انسانیت کے ضمیر پر لگے زخم ہیں، جو دنیا سے فوری عمل اور پختہ عزم کا تقاضا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد ایک پرامن، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کے لیے جاری ہے۔ پیپلز پارٹی ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے سرگرم عمل ہے جو مکمل طور پر قائداعظم کے وژن پر قائم ہو اور دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

Share This Article