اسلام آباد: پی ایم فیول ریلیف سکیم کے دوسرے روز بھی وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے پیٹرول پمپس کے اچانک دورے کیے اور وہاں موجود شہریوں سے سکیم کے بارے میں براہِ راست گفتگو کی۔
وفاقی وزیر نے شہریوں کو رجسٹریشن اور ترتیب کے طریقہ کار سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے ملک بھر میں اس سکیم کا اجراء شروع ہو جائے گا۔
دورے کے دوران شزا فاطمہ خواجہ نے انتظامیہ اور پیٹرول پمپ مالکان کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پمپس کو پابند بنایا جائے اور عوام کو بلا تعطل سہولت فراہم کی جائے۔
وفاقی وزیر نے رعایتی پیٹرول دینے میں تاخیر یا انکار کرنے والے پیٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران بھی دورے کے دوران وفاقی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ پیٹرول پمپس پر موجود شہریوں نے پی ایم فیول ریلیف پروگرام اور وفاقی وزیر کے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا۔
