راولپنڈی کے شہری مسائل پر پی سی آر ایم کا وائٹ پیپر، فوری اقدامات کا مطالبہ

newsdesk
3 Min Read
پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ نے راولپنڈی میں بنیادی سہولیات اور احتساب سے متعلق وائٹ پیپر جاری کیا۔

راولپنڈی (22 نومبر 2026ء) پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ (PCRM) کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے راولپنڈی کے عوامی مسائل اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے۔ وائٹ پیپر میں حکومت پنجاب اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہری مشکلات کے حل کے لیے فوری، مؤثر اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

وائٹ پیپر میں راولپنڈی میں صفائی کے نظام، کچرا تلف کرنے کے انتظامات، سیوریج اور نکاسی آب، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور گلیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات جیسے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی، ٹیوب ویلز، فلٹریشن پلانٹس، سرکاری پارکوں، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک، سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے متعلق عوامی شکایات بھی وائٹ پیپر کا حصہ بنائی گئی ہیں۔

دستاویز میں منشیات کے خاتمے، نوجوانوں کے لیے مفت کھیلوں کی سہولیات اور آوارہ جانوروں کے انسانی بنیادوں پر انتظام کو بھی اہم شہری معاملات قرار دیا گیا ہے۔ پی سی آر ایم کے مطابق ان مسائل کے حل کے لیے محض اعلانات کے بجائے قابل عمل پالیسی اور واضح نگرانی کا نظام ضروری ہے۔

وائٹ پیپر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن، ستھرا پنجاب، واسا (WASA)، آر ڈی اے (RDA)، پی ایچ اے (PHA) اور دیگر متعلقہ اداروں کے بجٹ، ترقیاتی منصوبوں، ٹھیکوں، اخراجات اور کارکردگی کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔ اسی طرح متعلقہ افسران کی پیشہ ورانہ اہلیت اور ذمہ داریوں کا جائزہ لینے، عوامی شکایات کی موقع پر تصدیق کرنے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ نے کہا ہے کہ ہر یونین کونسل میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سرکاری کھیلوں کے میدان نوجوانوں کے لیے بلا معاوضہ کھولے جائیں اور تمام مسائل کے حل کے لیے واضح ٹائم لائن کے ساتھ عوامی نگرانی پر مبنی عملی منصوبہ جاری کیا جائے۔

ظہیر احمد اعوان نے کہا کہ شہریوں کو صرف وعدوں کے بجائے عملی ریلیف درکار ہے۔ ان کے مطابق بنیادی سہولیات عوام کا حق ہیں، حکومتی احسان نہیں۔

Share This Article