اسلام آباد (بیورو رپورٹ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات میں مشترکہ طور پر سرفہرست قرار پانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
یہ فہرست ’’دی مسلم 500‘‘ کے عنوان سے ہر سال اردن کا رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر جاری کرتا ہے، جسے عالمِ اسلام کے معتبر اور مستند تحقیقی اداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اس نمایاں مقام پر آنا پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادارے کی جانب سے یہ اعتراف اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کی آواز آج بین الاقوامی سطح پر سنجیدگی سے سنی جا رہی ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ اعزاز ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ کوششوں کا اعتراف ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک سوچ اور ایک مقصد کے تحت پاکستان کی رہنمائی کی، جس کے نتیجے میں پاکستان نے جنگ میں کامیابی حاصل کی اور سفارتی محاذ پر بھی ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اپنی حیثیت منوائی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج پاکستان کو عالمی برادری میں عزت اور وقار کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ یہ مقام آسانی سے حاصل نہیں ہوا بلکہ اس کے پیچھے شہداء کی قربانیاں، افواجِ پاکستان کی بہادری اور عوام کا غیر متزلزل عزم کارفرما ہے۔
آخر میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمان ملک کی ترقی، استحکام اور سربلندی کے لیے قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سربلند رکھے، آمین۔
