اسلام آباد: شطرنج فیڈریشن آف پاکستان (سی ایف پی) نے عالمی یومِ شطرنج کے موقع پر ملک بھر میں شطرنج کے فروغ اور پاکستان کے نئے چیمپئنز کی تیاری کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سید ذیشان نقوی مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ سی ایف پی کے نائب صدر ریحان اعظم، فیڈریشن کے عہدیداران، کھلاڑیوں اور شطرنج کے شائقین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان نقوی نے کہا کہ فیڈریشن نچلی سطح سے قومی سطح تک شطرنج کو وسعت دینے اور مضبوط بنانے کے لیے عملی اور طویل المدتی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مکمل ہونے والی نیشنل چیس چیمپئن شپ میں ریکارڈ شرکت اس کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے اور اس سے پاکستان میں شطرنج کو نمایاں تقویت ملے گی۔
سید ذیشان نقوی کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ فیڈریشن مستقبل کے چیمپئنز کی تیاری اور عالمی شطرنج برادری میں پاکستان کا مقام بلند کرنے کے لیے مزید ٹورنامنٹس، تربیتی پروگرامز اور ترقیاتی اقدامات کا اہتمام جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر عالمی یومِ شطرنج کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ شرکا نے پاکستان میں شطرنج کی مسلسل ترقی اور کامیابی کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
