سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگی کے لیے پاکستان کی آئی ٹی حکمت عملی پر مشترکہ ورکشاپس

newsdesk
1 Min Read
ریاض میں لیپ کانفرنس کے دوران پاکستان کی آئی ٹی حکمت عملی اور سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگی پر گفتگو کی گئی۔

ریاض میں منعقدہ ’لیپ‘ کانفرنس کے موقع پر پاکستان کی قومی آئی ٹی حکمت عملی کو سعودی عرب کے ’ویژن 2030‘ سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مشترکہ ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس میں پاکستان کی 50 سے زائد ٹیک کمپنیوں اور 25 اسٹارٹ اپس نے شرکت کی، جسے پاکستان کے تیزی سے ابھرتے ہوئے ٹیک ایکو سسٹم کی نمایاں عکاسی قرار دیا گیا۔

ریاض میں ’لیپ‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ کوئی بھی ملک تنہا یا الگ تھلگ رہ کر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ ’لیپ‘ کانفرنس 24 کروڑ پاکستانیوں اور پاکستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ٹیک ایکو سسٹم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لیے شعبہ جاتی رکاوٹیں ختم کرنا ہوں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف تجارت تک محدود نہیں ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان کے نوجوان اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

Share This Article