ڈاکٹر غلام علی ملاح کا انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے موقع پر پاکستان ہاکی کی بحالی کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد:ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی و ممبر پاکستان ہاکی فیڈریشن ایڈہاک گورننس اینڈ مینجمنٹ کمیٹی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں 9 سے 19 اپریل تک جاری یوتھ انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2026 کی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے دورے کے دوران انہوں
نے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی غیر معمولی صلاحیتوں، نظم و ضبط اور قومی کھیل سے وابستگی کو سراہا۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد الاسلام، پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کے رکن و اولمپین نعیم اختر، چیف کوآرڈینیٹر عبدالناصرآخوندزادہ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر خواجہ محمد جنید، اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز شفیق بھٹی اور محمود احمد، امپائر منیجر سہیل اکرم جنجوعہ، کوآرڈینیٹر خاور جاوید اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد وقاص شیخ سمیت دیگر آفیشلز اور ہاکی شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملاح نے کہا کہ ہاکی کی بحالی ایک قومی ترجیح ہے اور اس کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی قیادت، بالخصوص جناب محی الدین احمد وانی اور پاکستان ہاکی کے نامور کھلاڑیوں کی مشاورت سے جامع اصلاحات کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان اصلاحات میں گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ کی نشوونما، جدید تربیتی طریقہ کار کا نفاذ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور میرٹ پر مبنی شفاف انتخابی نظام کو یقینی بنانا شامل ہے۔
ڈاکٹر ملاح نے مزید کہا کہ ہاکی کی بحالی تنہا ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا، “ہم اسکولوں، کالجوں اور تعلیمی بورڈز میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مضبوط کلچر قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ تعلیم کے نظام میں کھیلوں کے مؤثر انضمام کے ذریعے ہم ابتدائی سطح سے ہی ٹیلنٹ کو نکھارنے اور صحت مند، بااعتماد اور نظم و ضبط کے حامل نوجوانوں کی تربیت کا ہدف رکھتے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل اصلاحات، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی سطح پر مشترکہ کاوشوں کے ذریعے پاکستان ہاکی جلد ہی عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔
