پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر زور
اسلام آباد: پاکستان۔ایتھوپیا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (PFG) کا اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں کنوینر گروپ اور رکن قومی اسمبلی ارشد عبداللہ ووہرا کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے شرکت کی۔
اجلاس میں ارکانِ قومی اسمبلی پلین بلوچ، صبا صادق، شائستہ خان، غزالہ انجم اور فرحان چشتی بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارشد عبداللہ ووہرا نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے 2013 میں ایتھوپیا کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں اپنی پیشہ ورانہ وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا نے گزشتہ برسوں میں معاشی ترقی اور صنعتی شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن سے پاکستان بھی استفادہ کر سکتا ہے۔
اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم، ثقافتی روابط اور ماحولیاتی شعبوں کو مستقبل کے تعاون کے اہم میدان قرار دیا۔
سفیر نے اراکین کو آگاہ کیا کہ ایتھوپیا میں ستمبر میں نئی پارلیمنٹ تشکیل دی جائے گی اور دونوں ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران ارکان نے تجارت، زراعت، تعلیم، نوجوانوں کے تبادلوں، خواتین کو بااختیار بنانے، ثقافت، سیاحت اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کاروباری روابط، اسکالرشپ پروگراموں اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
اجلاس کے اختتام پر ارشد عبداللہ ووہرا نے ایتھوپیا کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان۔ایتھوپیا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
دونوں فریقوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
