مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ہیپاٹائٹس سی اجلاس

newsdesk
3 Min Read
مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ہیپاٹائٹس سی پروگرام کا اجلاس

وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت وزیراعظم پروگرام برائے ہیپاٹائٹس سی کا اجلاس ہوا جس میں پروفیسر سعید اختر، ہیپاٹائٹس کے قومی تکنیکی مشاورتی گروپ کے سربراہ، بھی شریک تھے۔

اجلاس میں اضافی سیکرٹری صحت، پروجیکٹ ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس سی، ہسپتالوں کے سربراہان اور ڈی ایچ او اسلام آباد نے بھی شرکت کی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسلام آباد میں پائلٹ مرحلہ شروع کرنے کا مقصد عملی طور پر نظام میں موجود مسائل کی نشاندہی کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان مسائل کے مؤثر حل نکال کر آئندہ دنوں میں نظام کو مکمل طور پر مستحکم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے کیریئرز کی بروقت نشاندہی اور علاج سے بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے تقریباً ایک کروڑ سے زائد مریض ہیں اور اس مرض کا خاتمہ قومی کاز ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی پروگرام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کو ہیپاٹائٹس فری بنانا قومی عزم ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی مہم ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسلام آباد میں اس پروگرام کی کامیابی میں پمز اور پولی کلینک ہسپتال کا کلیدی کردار ہوگا۔ انہوں نے عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر فرد اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنا ٹیسٹ کروائے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کا مرض قابل علاج ہے اور اس کا خاتمہ صرف حکومت نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق مریضوں کی بروقت تشخیص اور علاج سے نہ صرف ان کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ حکومت شہریوں کو مفت اسکریننگ اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور جن افراد میں ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص ہوگی، ان کا ریاست مفت علاج کرے گی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے