اسلام آباد، 27 اکتوبر 2026ء — نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے 27 اکتوبر، یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں موٹروے پولیس کے تمام زونز، سیکٹرز اور دفاتر میں خصوصی تقریبات اور آگاہی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
ان تقریبات کا مقصد 27 اکتوبر 1947ء کے تاریخی واقعات، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو اجاگر کرنا تھا۔
ملک بھر کی موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر قائم ٹول پلازوں، انٹرچینجز اور دیگر اہم مقامات پر خصوصی بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔ عوامی آگاہی کے لیے معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ان کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یومِ سیاہ کشمیر کی اہمیت کو عوام تک پہنچانے کے لیے موٹروے پولیس کے ایف ایم 95 ریڈیو پر خصوصی نشریات بھی نشر کی گئیں۔ ان نشریات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے انٹرویوز شامل تھے، جن میں مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، کشمیری عوام کی جدوجہد اور انسانی حقوق کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
موٹروے پولیس کی جانب سے مختلف سکولوں اور کالجوں میں بھی خصوصی آگاہی پروگرامز منعقد کیے گئے۔ ان پروگرامز کے ذریعے طلبہ و طالبات کو یومِ سیاہ کشمیر کی تاریخی اہمیت، کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان کے حقِ خودارادیت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔
کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف مقامات پر خصوصی واکس کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ان واکس میں موٹروے پولیس کے افسران، اہلکاروں اور شہریوں نے شرکت کی اور کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان موٹروے پولیس
