ادویات پر 2D بارکوڈ: ڈیٹا جمع نہ کرانے والی کمپنیوں کو نوٹس دینے کا فیصلہ

newsdesk
2 Min Read
وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اجلاس میں ادویات پر 2D بارکوڈ کے نفاذ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ادویات پر 9 اکتوبر کے بعد 2D بارکوڈ کے نفاذ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ڈریپ، متعلقہ اداروں کے حکام اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ تقریباً 80 فیصد ادویات پر کمپنیوں نے 2D بارکوڈ کے نفاذ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت اور وزارت صحت نے فیصلہ کیا کہ جن کمپنیوں نے تاحال ادویات کا ڈیٹا جمع نہیں کرایا، انہیں باضابطہ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

وزارت صحت کے مطابق مقررہ مہلت کے باوجود عمل درآمد نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ ادویات کا ڈیٹا جمع نہ کرانے والی کمپنیوں کے پیداواری یونٹس سیل کیے جائیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، اس لیے 2D بارکوڈ کے نفاذ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔

وزیر صحت نے تمام فارماسیوٹیکل کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مقررہ تقاضوں کے مطابق اپنا سیریلائزیشن ڈیٹا ہر صورت ڈریپ کو جمع کروائیں تاکہ ادویات کی مؤثر نگرانی، شفافیت اور ٹریک اینڈ ٹریس نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

Share This Article