معرکۂ حق کے محافظوں کو کونسل کا خراجِ تحسین

newsdesk
4 Min Read
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ پر مسلح افواج اور طبی عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

معرکۂ حق کے محافظوں کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے خراجِ تحسین

اسلام آباد، 10 مئی 2026: پی ایم ڈی سی جو پاکستان میں طبی اور دندان سازی کے شعبے کا قومی ریگولیٹری اور نگران ادارہ ہے، معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے جاری اعلانیہ میں صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار عسکری صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے مادرِ وطن کی خودمختاری اور وقار کا کامیابی سے دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق ہمیشہ قومی اتحاد، استقامت اور عزم کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

پاک فوج کے طبی عملے، ریسکیو ٹیموں اور اس نازک دور میں ثابت قدم رہنے والے تمام افراد کی غیر معمولی خدمات، حب الوطنی اور جذبۂ ایثار کے اعتراف میں، پی ایم اینڈ ڈی سی قومی تشکر اور قدر دانی کے طور پر خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے وطن کی آزادی اور سلامتی کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی۔ معرکۂ حق میں کامیابی قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور افواجِ پاکستان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے طبی برادری کی جانب سے بھی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں امن اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ طبی برادری ہمیشہ قومی چیلنجز، ہنگامی حالات اور انسانی بحرانوں میں صفِ اول کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ معرکۂ حق کے دوران بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے نے خدمت، ہمدردی اور استقامت کی اعلیٰ مثالیں قائم کرتے ہوئے قوم کی خدمت جاری رکھی۔ ان کے مطابق، ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر ورکرز کا جذبۂ ایثار اور انسانیت کی خدمت طبی پیشے کی بہترین روایات کی عکاسی کرتا ہے اور قومی اتحاد و اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے قومی قیادت کو بھی انسانی جانوں کے تحفظ، قومی یکجہتی کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کی بے مثال اور بے لوث کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ کونسل نے مشکل حالات میں ملک کی ذمہ دارانہ اور مدبرانہ رہنمائی پر قیادت کے عزم، وژن اور وابستگی کو سراہا۔

کونسل نے اس مشکل دور سے متاثرہ تمام خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے