نیروبی: پاکستان ہائی کمیشن نیروبی کے افسران اور عملے کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ہائی کمشنر ابرا ر حسین خان کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں کمرشل قونصلر عادیلہ یونس، دفاعی اتاشی کرنل انعام کھٹک اور ہیڈ آف چانسلری شعیب منصور سمیت دیگر اہم شخصیات نے خطاب کیا، جبکہ کینیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں ہائی کمشنر کی سفارتی خدمات، تجارت کے فروغ اور دفاعی تعاون کے حوالے سے ان کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں نے بھی ان کے دورِ تعیناتی کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور کینیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
