راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، باشعور اور غیور قومیں اپنی آزادی کو سب سے مقدم رکھتی ہیں اور اپنے محسنوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔
کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر صدیقی نے کہا کہ کشمیری عوام 24 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر حکومت کا یوم تاسیس مناتے ہیں۔ آج آزاد جموں و کشمیر حکومت کے قیام کا 79 واں یوم تاسیس اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مکمل آزادی تک جدوجہد آزادی کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 24 اکتوبر 1947 کو آزاد جموں و کشمیر کے بہادر سپوتوں نے بھارت کے حمایت یافتہ ڈوگرا حکمرانوں کے تسلط سے خطے کو آزاد کرایا تھا۔ یہی دن کشمیری عوام کی قربانیوں، عزم اور آزادی سے محبت کی علامت ہے۔
محمد عامر صدیقی نے کہا کہ بھارت نے سات سال قبل 5 اگست کو آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع ریاست کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا شرمناک اقدام کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ علاقے میں فوجی محاصرے کو 2637 واں روز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں سے آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت کا وعدہ کر رکھا ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔ پاکستان اپنے کشمیری عوام کی سیاسی، سماجی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔
محمد عامر صدیقی نے کہا کہ ظلم و جبر کا یہ دور جلد ختم ہوگا اور کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مظلوم کشمیری عوام پر جاری ظلم و بربریت روکنے اور انہیں استصواب رائے کا حق دلانے کے لیے بھرپور اور مؤثر آواز اٹھائی جائے تاکہ جبر کا یہ سورج غروب ہو سکے۔
