اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے اسلام آباد مارچ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، احتجاج مکمل طور پر پرامن، آئینی، قانونی اور جمہوری حدود میں ہوگا، جبکہ مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر پڑاؤ کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر صفدر، ڈپٹی سیکرٹری تصور کاظمی اور سیکرٹری اطلاعات رب نواز ملک بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکلوائے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کا مطالبہ واضح ہے کہ اگر عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے تو پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں جماعت اسلامی نے اپنا مؤقف مدلل انداز میں پیش کیا ہے اور متبادل ریونیو ذرائع کے حوالے سے تجاویز بھی دی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال برقرار ہے۔ ملک بھر سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد مارچ کے بعد مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر دھرنا جاری رہے گا۔ جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور کسی دباؤ یا رکاوٹ کے باعث اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انجینئر نصراللہ رندھاوا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کی سڑکیں کھلی رکھی جائیں اور انتظامیہ کنٹینرز لگا کر عوام کا راستہ نہ روکے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینرز فوری طور پر ہٹائے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے ڈی چوک پر دھرنے کے لیے انتظامیہ کو درخواست بھی دے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد مارچ کے انتظامات کے لیے 20 انتظامی کمیٹیاں اور 50 ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ بھی ان کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کرے تاکہ مارچ میں شریک افراد کے لیے بنیادی سہولیات اور دیگر انتظامات بہتر انداز میں یقینی بنائے جا سکیں۔
نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ 20 ستمبر کا اسلام آباد مارچ اسلام آباد کی تاریخ کا بڑا اور تاریخ ساز اجتماع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدر مجموعی طور پر دھرنے کے انتظامات کے ذمہ دار ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ دھرنے میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو خوش آمدید کہا جائے گا، جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو بھی اسلام آباد مارچ اور دھرنے میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔
