اسلام آباد: جماعت اسلامی اسلام آباد نے عوامی مطالبات کے حق میں دستخطی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت وفاقی دارالحکومت کی ہر یونین کونسل سے کم از کم دو ہزار شہریوں کے دستخط حاصل کیے جائیں گے، جبکہ جماعت اسلامی پاکستان نے ملک بھر سے دو کروڑ شہریوں کے دستخط جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصر اللہ رندھاوا نے کہا کہ مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد کے شہری بھی ان مسائل سے بری طرح متاثر ہیں، اس لیے دستخطی مہم عوام کو اپنی آواز منظم انداز میں حکومت تک پہنچانے کا موقع فراہم کرے گی۔
نصر اللہ رندھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حکومت پیٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ نہیں کرتی۔ انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس مہم کا حصہ بنیں تاکہ وفاقی دارالحکومت سے عوامی مطالبات بھرپور نمائندگی کے ساتھ مرکزی قیادت اور حکومت تک پہنچائے جا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی سمیت دیگر مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر صفدر نے بتایا کہ ہر یونین کونسل میں ذمہ داران کو اہداف دے دیے گئے ہیں اور ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی اسلام آباد بھر میں بھرپور مہم چلائے گی، جس کے دوران کارکنان بازاروں، مساجد، تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں میں جا کر عوام سے رابطہ کریں گے۔
زبیر صفدر نے کہا کہ یہ دستخطی مہم پیٹرولیم لیوی مخالف تحریک کو مزید تقویت دے گی اور عوامی مطالبات کو ایک مؤثر اور منظم آواز کی صورت میں حکومت تک پہنچائے گی۔
مہم کے مطالبات میں پیٹرول سے لیوی، بھتہ اور ناجائز ٹیکس کا خاتمہ اور قیمتوں میں کمی، آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کا خاتمہ اور بجلی کی قیمتوں میں کمی، آٹا و چینی مافیا کی روک تھام اور روٹی کی قیمت 10 روپے مقرر کرنا شامل ہیں۔ اسی طرح حکمرانوں اور افسر شاہی کے مفت پیٹرول، بجلی اور شاہانہ مراعات کے خاتمے اور سرکاری گاڑیوں کو 1300 سی سی تک محدود کرنے کا مطالبہ بھی مہم کا حصہ ہے۔
