اسلام آباد: چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نياز احمد اختر نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ سینیٹر احد چیمہ سے ملاقات کی، جس میں آئی ٹی اسکلز اسیسمنٹ ٹیسٹ اور کمپیوٹنگ تعلیم کے ایکریڈیٹیشن فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں 188 اداروں سے تعلق رکھنے والے 33 ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسیسمنٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانے، ادارہ جاتی کارکردگی کے تجزیے اور تعلیمی اسناد کو عملی صلاحیتوں سے ہم آہنگ کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے ایکریڈیٹیشن کے نظام کو مضبوط بنانے، طلبہ کو غیر تسلیم شدہ پروگراموں سے محفوظ رکھنے، ایکریڈیٹیشن اسٹیٹس کے بارے میں عوامی آگاہی بہتر کرنے اور ایچ ای سی، این سی ای اے سی، وزارت آئی ٹی اور صوبائی حکام کے درمیان زیادہ مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں نصاب، صلاحیتوں کی جانچ اور پیشہ ورانہ سرٹیفیکیشنز کو صنعت کی ضروریات کے مطابق بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس ضمن میں اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط تعاون، بشمول متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت، کو اہم قرار دیا گیا۔
اس موقع پر ایچ ای سی کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ معیار کی یقین دہانی، قابل اعتماد اور شفاف اسیسمنٹ، ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری، اور پاکستانی آئی ٹی گریجویٹس کی ملازمت کے امکانات اور بین الاقوامی مسابقت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
