اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی کوئی سازش برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت 20 دسمبر کو مقررہ وقت پر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔
دفتر جماعت اسلامی میلوڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کسی حکومت کی جاگیر نہیں بلکہ ہم سب کا شہر ہے۔ شہریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم رکھنا آئینی اور جمہوری حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انجینئر نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015ء میں ہوئے تھے، آئین اور جمہوری روایات کے مطابق 2021ء میں نئے انتخابات ہو جانے چاہییں تھے، مگر اعلان کے بعد اب تک پانچ مرتبہ انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اب چھٹی مرتبہ بھی حکومت بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے موقع پر نائب قیم تصور کاظمی، صدر سیاسی امور ہما ایوب، سیکرٹری عامر بلوچ اور سیکرٹری اطلاعات رب نواز ملک بھی موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے شہری ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق شہریوں کا حق ہے کہ انہیں بنیادی آئینی حقوق حاصل ہوں اور وہ اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے مقامی مسائل حل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد ہزاروں افراد کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہیں اور بھاری فیسیں ادا کرتے ہیں، لیکن ہر بار انتخابات ملتوی ہونے کے باعث کروڑوں روپے کی رقوم واپس نہیں کی جاتیں۔ اس مرتبہ بھی 3500 سے زائد افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، حکومت امیدواروں کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا جواب دے۔
نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے اور اپنا مؤقف واضح طور پر پیش کیا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کو ان کے بنیادی اور جمہوری حق سے محروم نہ کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو مقررہ وقت پر کرائے جائیں اور صاف و شفاف انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت انتخابات ملتوی کرنے کی کسی بھی کوشش سے باز رہے، اگر ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔ جماعت اسلامی اسلام آباد کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے بنیادی حقوق سلب کرنے پر خاموش نہیں رہے گی۔
