اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں زیر تعمیر ملک کے سب سے بڑے اور جدید ترین آئی ٹی پارک کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے آئی ٹی پارک کے مختلف فلورز کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی تکمیل، کام کی رفتار اور مختلف شعبہ جات سے متعلق جامع بریفنگ دی۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے تعمیراتی کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو تعمیراتی و تکمیلی امور مزید بہتر اور معیاری بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ یہ آئی ٹی پارک وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ملک کے ہونہار نوجوانوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں مساوی مواقع میسر آئیں گے، جس کے ذریعے وہ دنیا بھر میں روزگار کے نئے راستے تلاش کر سکیں گے اور پاکستان کی معیشت کے استحکام و بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم کیا جانے والا یہ آئی ٹی پارک ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ، بین الاقوامی معیار کے انفراسٹرکچر اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس قومی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بہت جلد وزیراعظم پاکستان کریں گے۔
