تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ پہلا سالانہ امتحان 2026 کے شفاف اور فول پروف انعقاد کے لیے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان و صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات کی روشنی میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت امتحانی بے ضابطگیوں اور بوٹی مافیا کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔کمشنر راولپنڈی و چیئرمین تعلیمی بورڈ انجینئر عامر خٹک نے واضح کیا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے تمام امتحانی مراکز کی مسلسل آن لائن نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ موبائل انسپکٹرز، چیئرمین اسکواڈ، ضلعی ویجیلنس کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ میدان میں متحرک ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی بروقت اطلاعات مل کر فوری کارروائی ممکن ہو۔ یہ اقدامات انٹرمیڈیٹ امتحان کی ساکھ کو مضبوط بنانے اور طلبہ کے لیے میرٹ پر مبنی مقابلے کو یقینی بنانے کے عزم کا حصہ ہیں۔کنٹرولر امتحانات نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن ٹیکسلا، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ٹیکسلا اور متعدد دیگر امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے امتحانی عمل، حفاظتی انتظامات اور امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی واضح ہدایات جاری کیں تاکہ انٹرمیڈیٹ امتحان کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا موقع نہ ملے۔تعلیمی بورڈ کے مطابق بوٹی مافیا کے خلاف مؤثر اور جامع حکمت عملی کے ذریعے کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور نقل کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات مسلسل جاری رہیں گے۔ کنٹرولر اور ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ انٹرمیڈیٹ امتحان مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام کے تحت انعقاد پذیر ہو۔
