منسر شریف (خصوصی نمائندہ): ضلع اٹک کے منسر شریف میں حضرت کالو بابا سرکارؒ کے تین روزہ عرس کی تقریبات مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔ عرس کے دوسرے روز ملک بھر سے عقیدت مندوں اور زائرین کی بڑی تعداد نے دربار پر حاضری دی اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
عرس کے پہلے روز گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی، وزیر مملکت دانیال چوہدری، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری ریاض، دربار حضرت بری امام سرکارؒ اور حضرت کالو بابا سرکارؒ کے سجادہ نشین راجہ سرفراز اکرم، ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ، محسن بیگ، راجہ امتیاز جنجوعہ، راجہ سہیل یوسف، ملک امین، نعیم اعظم خان، گولڑہ کے فیصل خان، ڈاکٹر آصف جنجوعہ، راجہ شہزاد جنجوعہ، راجہ ایاز جنجوعہ، سید اسرار حسین شاہ بخاری اور چوہدری منظور سمیت دیگر اہم شخصیات نے دربار پر حاضری دی۔
معزز مہمانوں نے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، خوشحالی، امن و استحکام اور امت مسلمہ کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
عرس کی تقریبات کے دوران مختلف روحانی اور مذہبی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں حمد و نعت کی محافل، محفلِ سماع، ذکر و اذکار اور دیگر مذہبی سرگرمیاں شامل ہیں۔ تقریبات کے سلسلے میں روایتی نیزہ بازی کے مقابلے بھی منعقد ہو رہے ہیں۔
محفلِ حمد و نعت میں معروف نعت خواں حضرات نے حاضرین کے دل موہ لیے۔ نعت خوانوں میں الحاج تسلیم احمد صابری، الحاج شہباز قمر صابری، الحاج عبدالرزاق جامی، محمد عامر فیاضی، محمود الحسن اشرفی، محمد خاور نقشبندی، محمد بلال حیدر، محمد رضوان خالد اور قاری سید مزمل ہاشمی سمیت دیگر شامل تھے، جن کی عقیدت بھری پیشکشوں نے محفل کی روحانی فضا کو مزید پُرکیف بنا دیا۔
زائرین کی سہولت اور حفاظت کے لیے عرس کے دوران خصوصی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ تقریبات خوش اسلوبی سے جاری رہ سکیں۔
