راولپنڈی کے دھوکے کھبہ اور امرپورہ میں گندگی کے ڈھیر، شہری پریشان

newsdesk
2 Min Read
دھوکے کھبہ اور امرپورہ کے شہری صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔

راولپنڈی: یونین کونسل 43 دھوکے کھبہ اور یونین کونسل 32 امرپورہ کے مختلف علاقوں میں صفائی کی خراب صورتحال نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ جگہ جگہ جمع کچرے، تعفن، مکھیوں اور مچھروں کی بہتات کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ رہائشیوں نے بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔

مقامی شہریوں کے مطابق متعدد مقامات پر کوڑا کرکٹ جمع ہے اور صفائی کے موثر انتظامات نہ ہونے کے باعث علاقے ڈمپنگ گراؤنڈ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بدبو اور غیر صحت مند ماحول نے روزمرہ معمولات کو متاثر کر دیا ہے۔

پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ کے مطابق شہریوں کی جانب سے بارہا شکایات درج کرائی گئیں، جن کے ساتھ گوگل میپس کی پن لوکیشنز، تصاویر اور ویڈیوز بھی فراہم کی گئیں، تاہم صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آ سکی۔

تنظیم نے موقف اختیار کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے متعلقہ آپریشنل منیجر، اسسٹنٹ منیجر، سینی ٹیشن چیف، انسپکٹرز اور سپروائزرز متاثرہ علاقوں میں صفائی کے موثر انتظامات یقینی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے صفائی کی ناقص صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں کوڑے، تعفن اور صحت کے لیے خطرناک ماحول میں رہنے پر مجبور کرنا ناقابل قبول ہے۔

ظہیر احمد اعوان نے ستھرا پنجاب کی خراب کارکردگی کے خلاف "کلین دی سٹی" کے عنوان سے احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکومتی حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افسران کا احتساب کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں صفائی کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک راولپنڈی کو صاف نہیں بنایا جاتا اور شہریوں کو بنیادی صفائی کی وہ سہولیات فراہم نہیں ہوتیں جن کے وہ مستحق ہیں۔

Share This Article