گلگت بلتستان اسمبلی میں ویمن پارلیمانی کاکس کا قیام خوش آئند قرار

newsdesk
3 Min Read
قومی اسمبلی ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکریٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے گلگت بلتستان اسمبلی میں ویمن پارلیمانی کاکس کے قیام کا خیرمقدم کیا۔

اسلام آباد، 21 اگست 2026ء: قومی اسمبلی پاکستان کی ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکریٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے گلگت بلتستان اسمبلی میں ویمن پارلیمانی کاکس کے قیام پر اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔

ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے 11 اگست 2026ء کو گلگت بلتستان اسمبلی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاکس کا قیام گلگت بلتستان میں خواتین ارکانِ اسمبلی کی پارلیمانی شرکت کو مضبوط بنانے اور انہیں مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے خواتین پارلیمنٹرینز کو مختلف سیاسی جماعتوں سے ایک جگہ اکٹھا کرنے میں اسپیکر کی قیادت اور معاونت کو سراہا۔ ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ قومی اسمبلی کی ویمن پارلیمانی کاکس ملک بھر کی خواتین پارلیمنٹرینز کے درمیان رابطے، ہم آہنگی اور یکجہتی کو فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اسمبلی کی ویمن پارلیمانی کاکس، گلگت بلتستان میں نو تشکیل شدہ ویمن پارلیمانی کاکس کو بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کرے گی۔ ان کے مطابق علم کے تبادلے، استعدادِ کار میں اضافے، باہمی سیکھنے کے عمل اور تکنیکی معاونت کے ذریعے کاکس کے ادارہ جاتی کردار کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے، جس سے خواتین پارلیمنٹرینز کی قانون سازی اور پارلیمانی عمل میں موثر شرکت میں اضافہ ہوگا۔

ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے امید ظاہر کی کہ گلگت بلتستان ویمن پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق، صنفی حساس قانون سازی اور گلگت بلتستان کی خواتین اور لڑکیوں سے متعلق اہم امور کے فروغ میں موثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے قومی اسمبلی ویمن پارلیمانی کاکس اور گلگت بلتستان ویمن پارلیمانی کاکس کے درمیان مشترکہ مشاورت، تعلیمی و تربیتی اقدامات اور مسلسل پارلیمانی تعاون کے ذریعے روابط مضبوط بنانے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی ویمن پارلیمانی کاکس کا قیام خواتین کی سیاسی شمولیت کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ قومی اسمبلی ویمن پارلیمانی کاکس گلگت بلتستان کی اپنی بہنوں کے ساتھ مل کر اس اہم پارلیمانی پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی اور نو تشکیل شدہ ویمن پارلیمانی کاکس کے تمام ارکان کو مبارک باد دی اور ان کی پارلیمانی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گلگت بلتستان ویمن پارلیمانی کاکس کی ارکان میں مسز سعدیہ دانش، مسز صوبیہ جبین، مسز دلشاد بانو، مسز ساجدہ بیڈم، مسز کلثوم جہانگیر اور مس جینیفر بہادر شامل ہیں۔

Share This Article