اسلام آباد (سٹی رپورٹر): پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پواغیئے نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ اور سینئر صحافیوں نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر فرانسیسی سفیر نے نیشنل پریس کلب میں پودا لگایا۔ انہیں پریس کلب کے مختلف شعبوں، دستیاب سہولیات اور جاری صحافتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے فرانسیسی سفیر کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ تربیت اور صحافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفیر کا دورہ پاکستان اور فرانس کے درمیان میڈیا روابط اور باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔
نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے سفیر کو پریس کلب کی تاریخ، تنظیمی ڈھانچے، صحافیوں کی فلاح کے لیے جاری اقدامات اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر فرقان راؤ نے کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، جدید صحافتی مہارتوں کے حصول اور بین الاقوامی میڈیا پریکٹسز سے آگاہی کے لیے تربیتی پروگراموں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ فرانسیسی سفارتخانے کے تعاون سے پاکستانی صحافیوں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مختلف تربیتی ورکشاپس اور پیشہ ورانہ نشستوں کا اہتمام کیا جا سکے گا۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات سے صحافیوں کو جدید صحافت، ابلاغی مہارتوں اور بین الاقوامی صحافتی تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملیں گے۔
ڈاکٹر فرقان راؤ نے مزید کہا کہ نیشنل پریس کلب پاکستان اور فرانس کے درمیان صحافتی اور ثقافتی روابط کو مستحکم بنانے کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پواغیئے نے نیشنل پریس کلب کے عہدیداران اور صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ وہ پاکستانی صحافیوں کے ساتھ کام کرنے اور نیشنل پریس کلب کے ساتھ تعاون کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے اور خیالات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر فرانسیسی سفیر کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعلقات کے فروغ، پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے اور پاکستانی صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔ ملاقات میں باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں مشترکہ سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوئی۔
آخر میں صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پواغیئے کا نیشنل پریس کلب کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
