ایف پی سی سی آئی میں پاکستان آسیان بزنس گول میز کانفرنس، معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

newsdesk
4 Min Read
پاکستان آسیان بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں ایف پی سی سی آئی، آسیان اور سفارتی مشنز کے نمائندوں کی شرکت۔

اسلام آباد: ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس میں پاکستان آسیان بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت سیکرٹری جنرل آسیان ڈاکٹر کاؤ کم ہورن اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کی۔

کانفرنس میں انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، تھائی لینڈ، میانمار اور ویتنام کے سفرا اور سفارتی مشنز کے ارکان نے شرکت کی۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک اور کاروباری برادری کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس میں پاکستان اور آسیان ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان بی ٹو بی روابط کے فروغ، تجارتی وفود کے تبادلوں، تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔

عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ میں اہم اسٹریٹجک کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان آسیان ممالک کی کاروباری برادری کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی روابط کا فروغ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتا ہے، اس لیے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور آسیان کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے میں نجی شعبے کا کردار نہایت اہم ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ مشترکہ کاروباری منصوبوں اور سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، جبکہ ایف پی سی سی آئی پاکستان اور آسیان ممالک کی کاروباری برادری کو قریب لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

سیکرٹری جنرل آسیان ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے اپنے خطاب میں کہا کہ آسیان پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط اور کاروباری شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی معاشی ترقی کے لیے پاکستان اور آسیان ممالک کا قریبی تعاون ضروری ہے۔

ڈاکٹر کاؤ کم ہورن کے مطابق آسیان ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ میں کاروباری برادری کا کردار اہم ہے۔ پاکستان اور آسیان نے باہمی تعاون کے ذریعے طویل سفر طے کیا ہے اور دونوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سیکرٹری جنرل آسیان نے کہا کہ آسیان کی پاکستان کو برآمدات، پاکستان کی آسیان کو برآمدات سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آسیان تجارتی معاہدے کو جدید بنانے کے لیے نئے پروٹوکول پر دستخط کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ آسیان کا مقصد خطے کو مشترکہ منڈی اور عالمی پیداواری مرکز بنانا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چین، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں کو مزید مستحکم کیا گیا ہے، جبکہ جنوبی کوریا اور جاپان کے ساتھ تجارتی معاہدوں کو مزید وسعت دینے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

Share This Article