خفیہ اطلاع پر افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات کے تحت محکمہ جنگلات کے پٹرول اسکواڈ ویسٹ سرکل اور تیمرگاہ کی نگرانی میں ایک منظم ریڈ پارٹی نے کارروائی انجام دی۔ ریڈ پارٹی نے معمولی چیکنگ کے دوران مشتبہ ڈائنگا گاڑی کو روکا اور گاڑی کی تلاشی لی گئی۔تفصیلات کے مطابق گاڑی میں مختلف سائز کے قیمتی دیار کے تختے چھپا کر لائے جا رہے تھے جنہیں انتہائی ہوشیاری سے گیس سلنڈروں کے نیچے ترتیب دے کر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی تا کہ محکمانہ چیکنگ سے بچا جا سکے۔ چھان بین کے دوران غیر معمولی طریقِ کار سامنے آیا جس پر ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کی۔ریڈ پارٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی لکڑی موقع پر برآمد کر لی اور گاڑی سمیت ضبط کر لیا۔ ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر کے ملزمان کے خلاف فارسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ غیر قانونی لکڑی کی سمگلنگ پر نظر رکھنے اور ایسے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کڑی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔ محکمے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک نقل و حمل یا غیر قانونی کٹائی کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں تاکہ جنگلات کے وسائل کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔یہ کارروائی محکمہ کی موثر نگرانی اور خفیہ اطلاعات کے فوری ردعمل کی عکاس ہے، اور اس واقعے سے واضح ہوتا ہے کہ غیر قانونی لکڑی کی سمگلنگ روکنے کے لیے مربوط کوششیں جاری رہیں گی۔
