ڈھیری حسن آباد راولپنڈی میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی نئی عمارت پنجاب حکومت کی جانب سے مختص کردہ فنڈز سے تیار کی گئی ہے جس میں جدید لیبارٹریز اور بہتر سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ اس تعلیمی ادارے کی نئی عمارت کا مقصد طالبات کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور تدریسی عمل کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔
4 اکتوبر 2025 کو سکول کے تدریسی عملے کے انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ضلعی تعلیمی اتھارٹی راولپنڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب طارق محمود نے کی۔ انٹرویو پینل میں سید ہاشم منیر بطور ڈائریکٹر افیلیشن وفاقی بورڈ اسلام آباد، ڈویژنل ڈائریکٹر محترمہ انیلہ حسن، ڈاکٹر رانی قیصرہ، ماہرِ تعلیم جناب طاہر نواز (وفاقی بورڈ اسلام آباد) اور ماہرِ تعلیم محترمہ علی شامل تھیں جبکہ سکول کونسل کے ممبر نعیم بھی اس موقع پر موجود رہے۔
پینل نے تمام معلمہ و معلمین کے انٹرویوز لے کر اُن کی تدریسی صلاحیتوں اور اپنے مضامین پر عبور کی جانچ کی۔ انٹرویوز کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ہر استاد کو انہی موضوعات کی کلاسز سونپی جائیں جن میں وہ مکمل مہارت رکھتے ہیں تاکہ تدریسی معیار میں بہتری لائی جا سکے اور طالبات کو بہترین تعلیمی نتائج ملیں۔ اس طریقہ کار کا مرکزی مقصد یہی تھا کہ اساتذہ کا انتخاب معیارِ تعلیم کے تقاضوں کے مطابق ہو اور ہر کلاس میں مضمون کی مکمل دسترس رکھنے والا استاد موجود ہو۔
اس اقدام کو منسٹری فار ایجوکیشن جناب رانا سکندر حیات اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری جناب خالد نذیر وٹو کی ہدایات اور حمایت کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا تھا کہ جدید تر سہولتیں اور باصلاحیت اساتذہ اکٹھے کیے جانے سے علاقے کی تعلیمی فضا میں واضح بہتری متوقع ہے۔
سکول انتظامیہ نے بتایا کہ آئندہ بھی تدریسی عمل کی مضبوطی اور معیاری تعلیم کے تسلسل کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے جن سے طالبات کو محفوظ اور موثر تعلیمی ماحول میسر رہے۔ اس موقع پر والدین اور مقامی نمائندوں نے بھی اس قدم کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ عمل طویل المدت تعلیمی بہتری کا سبب بنے گا۔
