راولپنڈی: کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ سٹوڈنٹس ویک 2026 کی تیاریوں کا معائنہ کیا۔ سٹوڈنٹس ویک 23 نومبر سے شروع ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران کمشنر سلمان غنی نے یونیورسٹی کے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ طلبہ کو جدید تعلیمی اور تحقیقی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
سٹوڈنٹس ویک 2026 کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی بھی بڑی اہمیت ہے۔ ان کے مطابق ایسی سرگرمیاں طلبہ میں خود اعتمادی، تخلیقی سوچ، قائدانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو فروغ دیتی ہیں اور شخصیت سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
سلمان غنی نے کہا کہ جامعات کو چاہیے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کریں اور انہیں عملی زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کریں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ یونیورسٹی معیاری تعلیم اور جدید تحقیقی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹس ویک طلبہ کے لیے اپنی تخلیقی، علمی، ادبی اور کھیلوں سے متعلق صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
