وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ راولپنڈی کا خیرمقدم، اے پی پی ایس ایم اے کی ترقیاتی اقدامات کی تحسین

newsdesk
3 Min Read
اے پی پی ایس ایم اے نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ راولپنڈی کو ترقی کے نئے دور کی امید قرار دیا۔

راولپنڈی: آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (اے پی پی ایس ایم اے) کے عہدیداران نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ راولپنڈی کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور شہر کی ترقی و خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کی جاری کاوشوں کو سراہا۔

اے پی پی ایس ایم اے کے وفد میں شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان، ڈویژنل صدر ابرار احمد ایڈووکیٹ، شمالی پنجاب کے سیکرٹری جنرل ملک اعجاز سیال، راولپنڈی ڈویژن ویمن ونگ کی صدر اور فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی سابق رکن بورڈ آف گورنرز سکینہ تاج، راولپنڈی تحصیل کے صدر عدنان نثار اور راولپنڈی ڈویژن کے سینئر نائب صدر مشتاق حیدر شامل تھے۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے راولپنڈی کی سیاسی قیادت کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے بالخصوص وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، ارکان قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، انجینئر راجہ قمر الاسلام، بیرسٹر چوہدری دانیال اور ملک ابرار احمد، جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف، ضیاء اللہ شاہ، ملک افتخار احمد، ملک منصور اور شازیہ رضوان کے کردار کو عوامی فلاح، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور شہر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے قابل قدر قرار دیا۔

اے پی پی ایس ایم اے کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ راولپنڈی تاریخی، تعلیمی اور تجارتی اعتبار سے ایک اہم شہر ہے، جس کی ترقی پورے خطے کی پیش رفت سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولتوں میں بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت اور منتخب نمائندوں کی مشترکہ کوششیں راولپنڈی کو ایک جدید، خوبصورت اور سہولتوں سے آراستہ شہری مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا دورہ راولپنڈی میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، جس سے عوامی فلاح کے نئے منصوبوں، تعلیمی سہولتوں میں بہتری اور شہری مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اے پی پی ایس ایم اے ایک ذمہ دار تعلیمی تنظیم کی حیثیت سے فروغِ تعلیم، نئی نسل کی تربیت اور راولپنڈی کی مجموعی ترقی میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گی۔

Share This Article