آئی ایس ایس آئی میں "افریقہ ڈے 2026” کی خصوصی تقریب، پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور
اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) کے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (CAMEA) کے زیر اہتمام "افریقہ ڈے 2026” کی مناسبت سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور افریقی یونین کے قومی ترانوں سے کیا گیا، جبکہ مختلف افریقی ممالک کے سفارتی مشنز کی جانب سے افریقی ثقافت، دستکاری اور مصنوعات کی نمائش کے لیے خصوصی اسٹالز بھی لگائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس ایس آئی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سفیر خالد محمود نے افریقی ممالک کو 63 ویں افریقہ ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے عالمی امور میں افریقہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تجارت، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
سابق وزیر خارجہ انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ افریقی براعظم ترقی اور اقتصادی مواقع کے اعتبار سے تیزی سے ابھر رہا ہے اور پاکستان کے لیے وہاں بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکاری روابط اور براہ راست پروازوں کی کمی جیسے مسائل تعاون میں رکاوٹ ہیں، تاہم دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کی مضبوط بنیاد پہلے ہی قائم ہو چکی ہے۔
پاکستان میں الجزائر کے سفیر اور افریقی سفارتی کور کے قائم مقام ڈین سفیر ابراہیم رمانی نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جس نے افریقی آزادی کی تحریکوں کی حمایت کی۔ انہوں نے اس تاریخی تعلق کو مضبوط اقتصادی شراکت داری اور تجارتی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افریقہ اور پاکستان کے درمیان کاروباری اور ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم کیے جانے چاہئیں۔
تقریب کی منتظم اور CAMEA کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آمنہ خان نے اپنے خطاب میں افریقہ کی آزادی، استقامت اور ترقی کے سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے مکالمے، تحقیق، ثقافتی تبادلوں اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے مرکز کے عزم کا اعادہ کیا۔
افریقی یونین کمیشن کے چیئرمین محمود علی یوسف نے اپنے پیغام میں کہا کہ افریقہ کا وژن اتحاد، وقار، ترقی اور علاقائی انضمام پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افریقی یونین ایجنڈا 2063 کے تحت پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور عالمی سطح پر مؤثر کردار کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزارت خارجہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) سفیر حمید اصغر خان نے کہا کہ موجودہ عالمی سیاسی اور معاشی تبدیلیوں کے تناظر میں پاکستان کے لیے افریقہ کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے زراعت، خوراک، صحت، تعلیم، آئی ٹی، فارماسیوٹیکل، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
تقریب کے دوران افریقی ممالک کے سفیروں اور پاکستان کے افریقہ میں تعینات سفارتی نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و افریقہ کے درمیان قریبی تعلقات کے روشن امکانات پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے افریقی سفارت خانوں کی جانب سے لگائے گئے ثقافتی اور غذائی اسٹالز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، طلبہ، میڈیا نمائندوں، محققین اور افریقی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
