بچوں کو محفوظ ماحول، تعلیم اور صحت کی فراہمی ناگزیر ہے: عامر صدیقی

newsdesk
5 Min Read
ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے بچوں کے تحفظ، تعلیم اور صحت کو قومی ذمہ داری قرار دیا۔

راولپنڈی— ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر اور سماجی رہنما محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ بچوں کا تحفظ معاشرے کی اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے، کیونکہ بچے ہی قوم کا مستقبل اور معمار ہیں، اس لیے ان کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم، تربیت، صحت اور تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

عالمی یوم اطفال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر صدیقی نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ان کی معاشرتی اور مذہبی تربیت کے بارے میں بھی شعور اجاگر کیا جانا چاہیے تاکہ وہ آنے والے وقت میں معاشرے کے مفید شہری بن کر اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جس میں وہ سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔

عامر صدیقی نے کہا کہ عالمی یوم اطفال منانے کا مقصد بچوں کی عزت افزائی، حوصلہ افزائی، حقوق کی پاسداری اور ان کے تحفظ کے عزم کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، تحفظ اور تفریح جیسے بنیادی حقوق کے بارے میں والدین اور معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بچے بہتر ماحول میں پرورش پا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں رہنے والے بچوں کو مساوی حقوق حاصل ہونے چاہئیں اور انہیں ہر قسم کے تشدد سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ عامر صدیقی نے کہا کہ آج کے دن غزہ، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے معصوم بچوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، جو ظلم و بربریت کا شکار ہوئے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

سماجی رہنما نے کہا کہ بچوں کی صحت، تعلیم، خوراک، نشوونما اور کھیل کود کے مواقع کی فراہمی ضروری ہے، تاہم غربت اور مہنگائی نے غریب خاندانوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بچوں کے لیے دودھ تو درکنار، صاف پانی کا حصول بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے، جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ والدین کے لیے بچوں کی اچھی خوراک اور تعلیم کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔

عامر صدیقی نے کہا کہ سرکاری سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی کمی کو نجی شعبہ کسی حد تک پورا کر رہا ہے، مگر والدین کے لیے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی بھاری فیسیں برداشت کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر قابل ستائش ہے، لیکن قوم کے مستقبل کے لیے معیاری درسگاہوں، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کی تعمیر اور ان کی گنجائش میں اضافہ بھی نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول ایک مشکل مرحلہ بنتا جا رہا ہے، اس لیے حکومت کو تعلیمی وظائف اور سکالرشپس کے سلسلے کو مزید وسیع کرنا چاہیے تاکہ ہونہار طلبہ کے لیے فیسیں تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔

عامر صدیقی نے کہا کہ اکثر غریب بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے والدین کا بوجھ کم کرنے کے لیے کام بھی کرتے ہیں، مگر تعلیمی سفر کے دوران اگر وہ ساتویں سمسٹر تک بھی پہنچ جائیں تو جی پی اے یا سی جی پی اے کی کمی ان کے لیے ڈگری کے حصول میں رکاوٹ بن جاتی ہے، جس سے ان کی محنت اور قربانیاں ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے بچوں کو ڈگری مکمل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کے روشن مستقبل کے خواب ادھورے نہ رہیں اور ان کی محنت رائیگاں نہ جائے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ عزمِ عالیشان، سب سے پہلے پاکستان، پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔

Share This Article