اسلام آباد میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال اور جمیعتِ علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عطا الرحمٰن کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں عوامی سطح پر صحت کی سہولیات کے فروغ، طبی خدمات کے معیار میں بہتری اور صحت کے نظام سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر مفصل تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت نے ملکی سطح پر صحت کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ مولانا عطا الرحمٰن نے کمیونٹی کی سطح پر طبی سہولیات کی دستیابی اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال پر اپنی تجاویز پیش کیں۔ دونوں رہنماؤں نے صحت کے شعبے میں ممکنہ تعاون کے امکانات اور مشترکہ اقدامات کے نفاذ پر گفتگو کی۔اس ملاقات میں وفاقی وزیر صحت اور مولانا عطا الرحمٰن نے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا اور آئندہ رابطوں اور مشاورتی اقدامات کے ذریعے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
