اسلام آباد میں بوسیدہ گیس پائپ لائنیں تبدیل کی جائیں گی

newsdesk
3 Min Read
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سوئی ناردرن نے اسلام آباد میں بوسیدہ گیس پائپ لائنوں کی جلد تبدیلی اور موسمِ سرما سے قبل تکمیل کی یقین دہانی کرائی

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں سوئی ناردرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ کے جنرل منیجر عدنان احمد سے ملاقات کی، جس میں ممبر ماحولیات اسفندیار بلوچ اور متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔جنرل منیجر نے مینیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد کے قدیم سیکٹر جی چھ اور مرکزی تجارتی علاقہ میں نئی گیس پائپ لائنوں کی تنصیب پر جاری پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دونوں فریقوں نے ان علاقوں میں کام کو جلد از جلد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا تاکہ گیس پائپ لائن کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے۔مینیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ طویل عرصے کے بعد بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے جس سے گیس لیکج اور ضیاع کو روکا جا سکے گا اور گیس سپلائی میں بہتری آئے گی۔ گیس پائپ لائن کی تبدیلی کو شہری سہولتوں کے تحفظ کے تناظر میں اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔چیئرمین نے اس کام کی جلد تکمیل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ اور ماحولیات کے شعبوں نے اس ضمن میں ضروری اجازت نامے جاری کر دیے ہیں تاکہ منصوبہ شفاف انداز میں بغیر رکاوٹ آگے بڑھے۔انہوں نے واضح کیا کہ گیس پائپ لائنوں کی تنصیب کا کام موسمِ سرما سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو سردیوں میں گیس کی فراہمی میں کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پائپ لائنوں کی تبدیلی کے دوران صارفین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیئرمین نے ہدایت کی کہ گندھارا سنٹر واقع سیکٹر ایف نو کو گیس کنکشن جلد از جلد فراہم کیا جائے اور غیر قانونی تعمیرات میں گیس کنکشنز کی فراہمی کو فوری طور پر روکا جائے تاکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نہ ہو۔جنرل منیجر نے بتایا کہ اسلام آباد میں گیس کے دباؤ کو بہتر بنانے اور گیس کی خاطر خواہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موثر حکمتِ عملی اختیار کی جا رہی ہے اور موسمِ سرما کی آمد سے قبل درکار تمام اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو گیس سپلائی میں خلل نہ پیش آئے۔چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ ادارہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا اور دونوں اداروں نے مستقبل میں باہمی تعاون اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے