بیجنگ میں ہونے والے ایس سی او سمٹ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک روس تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور اقتصادی روابط کو بڑھانے کے طریقوں پر غور کیا گیا، جبکہ سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون پر خصوصی توجہ دی گئی، جس میں پاکستان اسٹیل مل کراچی سمیت مختلف اسٹریٹجک منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں بھی اشتراک کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال خاص طور پر افغانستان، جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یوکرین، فلسطین اور کشمیر کے معاملات بھی ملاقات کا حصہ بنے اور ان پر دونوں رہنماؤں نے اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔
ایس سی او کے پلیٹ فارم پر باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف کو روس کے سرکاری دورے کی دعوت دی اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ دونوں ممالک اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
