وزارت صحت میں سیلاب سے متعلق صحت کے شعبے کی کوآرڈی نیشن میٹنگ منعقد ہوئی جس میں صوبائی فوکل پوائنٹس، اقوام متحدہ اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے مشاورت کرنا تھا۔
اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے کی، جس میں مختلف پارٹنرز نے اپنی رپورٹس پیش کیں اور صوبوں کو درپیش مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزارت صحت نے ملک میں ہیضہ کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی اور اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی معاونت کی درخواست کی۔ یہ درخواست سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی سفارشات کی بنیاد پر کی گئی۔
غذائیت کے شعبے سے بھی متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور متعلقہ مسائل پر فیڈبیک لیا گیا، جبکہ صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی شراکت داروں سے مستقل تعاون کی اپیل کی گئی تاکہ متاثرین کو بروقت اور موثر امداد فراہم کی جا سکے۔
