ایف جے ڈبلیو یو کمپیوٹر آرٹس تھیسس ڈسپلے 2025 کی جھلکیاں

newsdesk
2 Min Read

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر آرٹس کی جانب سے تھیسس ڈسپلے 2025 کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات کے تخلیقی اور جدت پر مبنی منصوبے نمایاں طور پر پیش کیے گئے۔ یہ تقریب وائس چانسلر ڈاکٹر بشرٰی مرزا کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جنہوں نے طالبات کی کاوشوں کو بھرپور سراہا اور کہا کہ یہ منصوبے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور اعتماد کا مظہر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی ڈیجیٹل آرٹس کے میدان میں خواتین رہنماؤں کی تربیت جاری رکھے گی۔

تقریب کی مہمان خصوصی نگار نظر، جو پاکستان کی پہلی خاتون کارٹونسٹ اور گوگی اسٹوڈیوز کی سی ای او ہیں، نے طالبات کے تخیل کی تعریف کی اور کہا کہ یہاں پیش کیے گئے کام ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کہانی سنانے کی طاقت کو واضح کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ نوجوان خواتین تخلیقی فنون اور ٹیکنالوجی کو معاشرتی بہتری کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔

اس نمائش میں انیمیشن، گیم ڈیزائن، گرافک ڈیزائن، ویڈیو، ٹیکسٹائل ڈیزائن اور ویب ڈیزائن کے شعبوں میں منفرد اور تجرباتی منصوبے پیش کیے گئے۔ ان منصوبوں کی نگرانی سنئیر اساتذہ محترمہ سدرہ اشرف، محترمہ زرین گل، محترمہ تہمیینہ جاوید، محترمہ درخشاں بتول، محترمہ افشاں جمال، محترمہ کنزہ یاسمین اور محترمہ دراج ندیم نے کی۔ بیرونی سپروائزرز کی معاونت بھی حاصل رہی۔

یہ تقریب نہ صرف تخلیقی سوچ اور تنقیدی صلاحیت کی عکاس تھی بلکہ پاکستان میں ڈیجیٹل آرٹس کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے