اسلام آباد میں فیڈرل گورنمنٹ ہیڈز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک عمدہ الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور پرنسپلز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے اساتذہ کے کردار اور تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تھے جبکہ مہمانِ اعزاز وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں۔ وجیہہ قمر نے اپنے خطاب میں اساتذہ برادری پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ایک استاد کی بیٹی ہیں اور وزارت میں اساتذہ کی آواز بنیں گی۔ انہوں نے اساتذہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اساتذہ کو درپیش مسائل خصوصاً تنخواہوں میں فرق اور ٹیکس ریبیٹ کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور راجہ خرم نواز نے بھی اساتذہ کی خدمات کو سراہا، جبکہ راجہ خرم نواز نے تعلیمی اسٹینڈنگ کمیٹی میں اساتذہ کی آواز اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔
تقریب کا اختتام گرمجوش خراج تحسین اور تعلیم کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔
