ڈنمارک ایمبیسی کے زیر اہتمام "ایلومنی اسپاٹ لائٹ” سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے جس کی حالیہ تقریب میں ماحولیات کے ماہر اور نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس (این سی بی اے اینڈ ای)، لاہور کے سربراہ ڈاکٹر عمران نقوی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر عمران نے ڈنمارک کی آلبورگ یونیورسٹی میں ماحولیاتی سائنسز اور ایڈوانسڈ بایوفیولز میں تحقیقی کام مکمل کیا تھا اور پاکستان واپس آ کر نئی نسل کو ماحول دوست قیادت کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈنمارک کے ناظم الامور پیٹر ایمیل نیلسن نے این سی بی اے اینڈ ای کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈاکٹر عمران اور طلبہ سے ملاقات کی اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور مستقبل میں پائیدار ترقی کی ضرورت پر گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے ماحولیاتی سٹڈیز کے سات نئے گریجویٹس کو ڈگریاں بھی پیش کیں۔
ڈاکٹر عمران نقوی نے بتایا کہ وہ این سی بی اے اینڈ ای کے نصاب میں ڈنمارک کی جانب سے اپنائی گئی سبز اور ماحول دوست پالیسیوں کو شامل کر رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور مشترکہ کاوشوں کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ ڈاکٹر عمران کی بدولت پاکستان میں ماحول دوست تعلیم اور آگہی میں ڈنمارک کا کردار مزید اجاگر ہو رہا ہے۔
