اسلام آباد میں وفاقی ترقیاتی ادارہ اور پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ کے مابین شہر کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، غربت کے خاتمے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا ہے۔ اس تعاون سے نہ صرف اسلام آباد کے کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری آئے گی بلکہ انہیں معاشی طور پر بھی مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی اس ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیج نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ڈی اے بورڈ کے مختلف ممبران اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران اسلام آباد کے پسماندہ علاقوں کی معاشی حالت بہتر بنانے، ہنر مندی کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سمیت کمیونٹی کی شمولیت کیلئے مختلف اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی پائیدار ترقی اور سماجی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ نادر گل بڑیج نے سی ڈی اے کی جانب سے شہر کی بہتری کے اقدامات کو سراہا اور اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ادارے مل کر غربت کا خاتمہ اور کمیونٹی کی ترقی یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر یہ فیصلہ ہوا کہ سی ڈی اے اور پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ باہمی رابطے کو مضبوط بنا کر اسلام آباد کے پسماندہ طبقات کی مدد کیلئے موثر اور عملی منصوبوں کا آغاز کریں گے تاکہ شہر کو ایک خوشحال اور بہتر مقام بنایا جا سکے۔
