پنجاب ہائی وے پٹرول راولپنڈی ریجن کی جانب سے یوم شہداء کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
تقریب کا آغاز صبح نماز فجر کے بعد شہدائے پولیس کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی سے ہوا جس میں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
بعد ازاں پٹرولنگ پولیس کے شہید اے ایس آئی سجاد حیدر کی قبر پر باقاعدہ سلامی پیش کی گئی۔ پٹرولنگ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پورے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے شہید ساتھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہید کی قبر پر گل پاشی کی گئی اور ان کے اہل خانہ کے ہمراہ خصوصی دعا کی گئی۔
ترجمان شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس تقریب کا مقصد شہداء کی قربانیوں کو زندہ رکھنا اور ان کے لواحقین کو یہ پیغام دینا تھا کہ پولیس اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولتی۔
