اسلام آباد میں نیئر سرحدی کے شعری مجموعے کی رونمائی، وفاقی وزرا کی شرکت

newsdesk
4 Min Read
اسلام آباد میں ’’فاختاؤں نے شہر چھوڑ دیا‘‘ کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر وفاقی وزرا اور اہلِ ادب شریک ہیں۔

اسلام آباد، 26 نومبر 2026ء: وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے ممتاز شاعر، ادیب، سینئر کالم نگار اور صحافی نیئر سرحدی کے تازہ شعری مجموعے ’’فاختاؤں نے شہر چھوڑ دیا‘‘ کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کی اور نئی کتاب کی اشاعت پر صاحبِ کتاب کو مبارک باد دی۔

یہ تقریب قلم قافلہ پاکستان اور اکادمی ادبیات پاکستان کے اشتراک سے شیخ ایاز کانفرنس ہال، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے بھی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ معروف شاعر اور ادبی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی سید نے صدارت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ اہلِ قلم، شعرا اور ادبی شخصیات کی ایسی معتبر محفل میں شریک ہونا ان کے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نیئر سرحدی کو تازہ شعری مجموعے کی اشاعت پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ادب و ثقافت کے فروغ، لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور فکری سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ادبی تقریبات کا انعقاد نہایت اہم ہے۔

وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے بھی نیئر سرحدی کو مبارک باد دی۔ انہوں نے نئے شعری مجموعے سے منتخب اشعار پڑھ کر صاحبِ کتاب کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

نیئر سرحدی نے اپنے خطاب میں قلم قافلہ پاکستان اور اکادمی ادبیات پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے ادبی سفر، کتاب کے پس منظر اور اس کے مرکزی موضوعات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے مجموعے سے منتخب نظمیں اور اشعار بھی سنائے، جنہیں حاضرین نے گرم جوشی سے سراہا۔

تقریب میں متعدد نمایاں ادبی شخصیات نے کتاب اور نیئر سرحدی کی ادبی خدمات پر اظہارِ خیال کیا۔ نصرت یاب نصرت، نجف علی بخاری اور مبشر سلیم مبشر نے اپنی شاعری کے ذریعے صاحبِ کتاب کو خراج پیش کیا، جبکہ سعدیہ کمال نے کتاب کے منتخب اقتباسات پر گفتگو کی۔ وسیم شاہد، فرخندہ شمیم اور جنید آذر نے شعری مجموعے اور شاعر کی ادبی کاوشوں کا جائزہ پیش کیا۔ فرح حسین شیرازی اور رخسانہ نازی نے بھی منتخب اشعار سنائے۔

ڈاکٹر نثار ترابی نے نیئر سرحدی کی شاعری کو موجودہ دور کے حالات کی عکاس قرار دیا، جبکہ قیوم طاہر نے مجموعے کے فکری اور ادبی پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ عزیز اعجاز نے بھی صاحبِ کتاب کے کام کو سراہا۔

صدرِ تقریب پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی سید نے کتاب پر تفصیلی گفتگو کی اور اسے عہدِ حاضر کی آواز قرار دیا۔ انہوں نے مجموعے سے منتخب نظمیں بھی پیش کیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد معروف نعت خواں رضا کاظمی نے نیئر سرحدی کی لکھی ہوئی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ تقریب کی نظامت نیئر سرحدی اور ان کے فرزند، معروف براڈکاسٹر اور کمپیئر تصور زمان بابر نے مشترکہ طور پر انجام دی۔

اختتام پر معروف گلوکارہ شامین اور ان کی ٹیم نے نیئر سرحدی کی شاعری کو موسیقی کے ساتھ پیش کیا، جس سے محفل میں ادبی اور موسیقائی رنگ نمایاں ہوگیا۔ تقریب میں شاعروں، ادیبوں، صحافیوں، دانشوروں اور ادبی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Share This Article