عالمی مقابلۂ حسنِ قرأت: مراکش اول، پاکستانی قاری عبد القدوس الباز دوسرے نمبر پر

newsdesk
5 Min Read
دوسرے بین الاقوامی مقابلۂ حسنِ قرأت 2026 میں کامیاب قراء کو انعامات دیے گئے۔

اسلام آباد (26 نومبر 2026) — وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام دوسرا بین الاقوامی مقابلۂ حسنِ قرأت 2026 اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ تین روزہ عالمی مقابلے میں مراکش کے قاری الیاس لمہاؤق نے پہلی، پاکستان کے قاری عبد القدوس الباز نے دوسری جبکہ انڈونیشیا کے قاری دانیال محمد خبیب اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلے میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے ممتاز قراء کرام نے شرکت کی اور اپنی خوش الحان تلاوت سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ گرینڈ فنالے میں آٹھ ممالک کے قراء شریک ہوئے جن میں مراکش، پاکستان، ایران، ملائشیا، انڈونیشیا، عراق، فلپائن اور بنگلہ دیش شامل تھے۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے مراکش کے قاری الیاس لمہاؤق کو 50 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے قاری عبد القدوس الباز کو 30 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے انڈونیشیا کے قاری دانیال محمد خبیب اللہ کو 20 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ پاکستان کی دوسری پوزیشن کو عالمی سطح پر پاکستانی قراء کی صلاحیتوں اور قرأت کے اعلیٰ معیار کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ قرآن کریم امن، انصاف، رحم، باہمی احترام اور انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات کو محض پڑھنے تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ انہیں سمجھ کر انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عملی طور پر اختیار کرنا ضروری ہے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مسلم امہ میں اتحاد، یکجہتی اور تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو مکالمے، حکمت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کامیاب قراء کرام کو مبارکباد دی اور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سمیت منتظمین کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے قرآن کریم کی تعلیمات کے فروغ اور مسلم ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔

قبل ازیں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تعارفی خطاب میں کہا کہ دوسرے بین الاقوامی مقابلۂ حسنِ قرأت کے انعقاد کا بنیادی مقصد قرآن کریم کی عظمت، آفاقی تعلیمات، تلاوت کے روحانی و علمی پہلوؤں اور دنیا بھر میں پیغام قرآن کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی مقابلے نے مختلف ممالک کے ممتاز قراء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے اور فن قرأت کو مزید نکھارنے کا موقع فراہم کیا۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ مقابلے میں شفافیت، میرٹ اور بین الاقوامی معیار کو یقینی بنانے کے لیے انٹرنیشنل ججز کا انتخاب ایران اور مصر سے کیا گیا۔ مختلف مراحل میں قراء کی تلاوت، تجوید، ادائیگی اور قرأت کے فنی معیار کو مدنظر رکھا گیا تاکہ نتائج غیر جانبدارانہ اور پیشہ ورانہ طریقہ کار کے مطابق مرتب کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقابلے کا مقصد نوجوان نسل میں قرآن کریم کی تلاوت، حفظ، تجوید اور درست ادائیگی کا شوق پیدا کرنا، قرآن کریم کے ساتھ تعلق مضبوط بنانا اور پاکستان کو عالمی سطح پر قرآن کریم کی تعلیمات، قرأت اور اسلامی اقدار کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے والا ملک بنانا ہے۔

تقریب میں مقابلے کے چیف جج قاری سید صداقت علی اور ایران و مصر کے ججز کو بہترین انعقاد پر یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے اختتامی دعا کروائی اور وزارت مذہبی امور کی کاوش کو سراہا۔

تین روزہ بین الاقوامی مقابلے کے کامیاب انعقاد سے پاکستان اور شریک ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ مسلم امہ میں اتحاد، اتفاق، باہمی احترام اور قرآن کریم سے وابستگی کے فروغ کا پیغام بھی نمایاں ہوا۔

Share This Article